مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے تہران کے آزادی اسکوائر پر انقلاب اسلامی کی کامیابی کی 38 ویں بہار کی مناسبت سے عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم انقلاب اسلامی کے اعلی اہداف کی جانب مضبوط اور مستحکم قدموں کے ساتھ گامزن رہے گی ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ گذشتہ 38 برس سے ایرانی عوام انقلاب اسلامی کے اعلی اہداف کی سمت گامزن ہیں اور اس سلسلے میں ایرانی قوم نے عظیم قربانیاں پیش کرکے انقلاب اسلامی کی بھر پور حفاظت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران آج انقلاب اسلامی کی بدولت دنیا میں سرافراز اور سربلند ہے۔ اور دنیا کی کوئي بھی طاقت آج ایران کی علمی ترقی اور پیشرفت کو روک نہیں سکتی۔ ایرانی قوم نے انقلاب اسلامی کے ذریعہ ملک سے سامراجی اور استعماری طاقتوں کی بساط کو لپیٹ کر ثابت کردیا کہ وہ انقلاب اسلامی کی حفاظت کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج ہمارے درمیان انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) نہیں ہیں ۔ آیت اللہ طالقانی ، آیت اللہ شہید بہشتی، آيت اللہ شہید مطہری ، ہاشمی رفسنجانی اور بہت سے دیگر انقلابی سورما ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن ایرانی عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ انقلاب اسلامی کے راستے پر پہلے سے کہیں زيادہ مضبوط اور مستحکم طریقہ سے گامزن ہیں ایرانی عوام ایران کی طرف دنیا کی کسی بھی طاقت کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
آپ کا تبصرہ